ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سڑکوں کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرنے والو ں کے خلاف ہوگی قانونی کارروائی

سڑکوں کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرنے والو ں کے خلاف ہوگی قانونی کارروائی

Thu, 16 Jun 2016 11:32:04  SO Admin   S.O. News Service

کاروار15؍جون(ایس او نیوز) ضلع پنچایت کے چیف ایکزیکٹیو آفیسررام پرساد منوہر نے کہا ہے کہ سڑکوں کی تعمیر اور ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنا ایک ناقابل ضمانت جرم ہے۔اگر عوام کی طرف سے ایسی حرکت ہوتی ہے تو پھر ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی جانی چاہیے۔وہ یہاں ضلع صحت و خاندانی بہبود کے دفتر میں ماہانہ کے ڈی پی میٹنگ میں بول رہے تھے۔
اس میٹنگ میں پرائم منسٹر جن سڑک یوجنا کے افسران نے شکایت کی کہ' ہمارا گاؤں ہماری سڑک' منصوبے کے تحت کاروار میں سڑک کی تعمیر کے خلاف مقامی افراد رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں۔ اس کے جواب میں سی ای او نے کہا کہ یہ ایک ناقابل ضمانت جرم ہے۔ ایسے احتجاج کی ویڈیو ریکارڈنگ کرکے پولیس میں ان کے خلاف شکایت درج کی جائے اور پولیس کے تحفظ میں کام آگے بڑھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے منصوبوں کے تحت گزشتہ سال کیا کیاکام انجام دئے گئے ہیں اس کے بارے میں اس محکمے کے چیف نے کوئی رپورٹ اب تک نہیں دی ہے۔ انہوں نے وارننگ دی کہ ایک ہفتے کے اندر انہیں رپورٹ دی جائے اور اس میں کوتاہی نظر آتی ہے تو پھر محکمے کے اعلیٰ افسرہی اس کے لئے ذمے دار ہونگے۔
زرعی سرگرمیاں: محکمہ ذراعت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ اب تک ضلع میں معتدل بارش ہوئی ہے۔ کھیتوں میں 50فیصدی بیج بونے کا کام ہوا ہے۔ ہوناور، کاروار اور بھٹکل میں کم بارش ہوئی ہے۔ سرسی ،ہلیا ل ، منڈگوڈ وغیرہ میں7,800ہیکٹر زمین پر بیج بونے کا کام مکمل ہوا ہے۔سپاری کی فصل کو بیماری نہ لگے اس کے لئے احتیاطی قدم اٹھائے گئے ہیں۔
ماہی گیری: محکمہ ماہی گیری کے وینکٹر منا ہیگڈے نے بتایا کہ مانسون کی وجہ سے مشینی کشتیوں سے ماہی گیری پر پابندی ہے۔ فی الحال دیسی کشتیوں سے پانچ ناٹیکل میل کے اندر ماہی گیری کی جارہی ہے۔ضلع بھر میں 86تالابوں کی نشاندہی کرنے کے بعد اس میں مچھلی پالن کی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ محکمہ مویشی پالن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سبرایا بھٹ نے بتایا کہ فوٹ اینڈ ماؤتھ جیسی بیماری کی روک تھام کے لئے ضلع میں 89فیصد جانوروں کو ٹیکے لگائے گئے ہیں ۔ ان کی غیر واضح رپورٹ پر ضلع پنچایت سی ای او نے ان کو آڑے ہاتھوں لیا۔
سائیکل فراہمی کی رپورٹ: مسٹر رام منوہر نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی طرف سے طلباء کو مفت تقسیم کی جانے والی سائیکل کے بارے میں شکایت ملی ہے کہ اس کا وزن 22کلو گرام سے زیادہ ہے۔اس کے بارے میں ایک ہفتے کے اندر رپورٹ فراہم کرنے کو کہا گیا تھا۔ لیکن کاروار، سرسی تعلیمی اضلاع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرس نے ابھی تک رپورٹ نہیں دی ہے۔ اس پر اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران سے کہا کہ اسکولی بچوں کو جوکاپیاں اور کتابیں فراہم کی جاتی ہیں ا ن کی کوالٹی معیاری ہے یا نہیں اس پر نظر رکھیں۔اس میٹنگ میں موجود ہیسکام کے افسران نے بتایا کہ بجلی کے مسائل کے حل کے لئے ہر سب ڈیویژن میں 50الیکٹرک کھمبے تیار رکھے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ کاروار میں 14اور سرسی میں17ٹرانسفارمرس تیار رکھے ہوئے ہیں۔
میٹنگ کے اختتام پر ضلع پنچایت سی ای او نے افسران سے کہا کہ اسپتال، اسکول اور ہاسٹلس وٖغیرہ میں صفائی ستھرائی کا ماحول بنائے رکھنے کے لئے اقدامات کریں۔ اس کے علاوہ ہائی وے اتھاٹریز کے نمائندے اس میٹنگ میں شریک نہ ہونے پر انہیں نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔میٹنگ میں ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر اور نائب صدر سنتوش رینکے کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے افسران موجود تھے۔a


Share: